133

وزیراعظم شاہد خان عباسی کا دورہ کابل، افغان قیادت سے ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کابل پہنچ گئے جہاں وہ افغان قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا افغان صدارتی محل میں افغانستان کے صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے استقبال کیا جب کہ اس موقع پر انہیں گاڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

افغان فوج کے دستے نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سلامی دی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور دیگر حکام بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اعزاز میں افغان صدر کی جانب سے استقبالیہ بھی دیا گیا۔

بعد ازاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کابل میں افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کے لیے ان کے دفتر پہنچے جہاں عبداللہ عبداللہ نے پاکستانی وزیراعظم اور ان کے وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ کابل طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی پیشکش کی کڑی ہے جب کہ ترجمان نے افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی کے الزامات مسترد کر دیے۔

یاد رہے کہ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کے ذریعے افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو کابل کے دورے کی دعوت دی تھی ۔

افغان صدر نے 17 مارچ کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے بھی بتایا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم کو دورہ کابل کی دعوت دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں